اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والی کرکٹ سیریز کو پاکستان میں نشر نہیں کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری نے بتایا کہ سرکاری ٹی وی نے اسٹار اور ایشیا سے کرکٹ کا کنٹریکٹ مانگا ہے، سرکاری ٹی وی کی بھارتی کمپنی کے ساتھ معاہدے کی درخواست کو منظور نہیں کیاگیا ہے، ہم کسی بھی بھارتی کمپنی کے ساتھ معاہدہ نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کے تمام رائٹس بھارتی کمپنیوں کے پاس ہیں، اس وجہ سے پاکستان انگلینڈ کی کرکٹ سیریز نشر نہیں کی جائے گی البتہ کوشش کریں گے کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے ساتھ کوئی بیچ کا راستہ نکالیں کیونکہ پی سی بی اور سرکاری ٹی وی کو کرکٹ نشریات کے نا ہونے پر یقیناً نقصان ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ سیریز 8 جولائی سے شروع ہوگی جس میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کسی بھی بھارتی کمپنی کے ساتھ معاہدہ نہیں کر سکتے، ہندوستان سے تعلقات 5 اگست کے فیصلے کی واپسی سے مشروط ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے طارق ملک کو نادرا کا نیا چیئرمین مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے فوجی اڈے امریکا کو دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن بالکل بچوں کی طرح لڑ رہے ہیں، بلاول اورمراد علی شاہ پیپلزپارٹی کو سندھی قوم پرست جماعت بنانے پر تل گئے ہیں۔