حقوق العباد کی ادائیگی، امن کا فروغ ،انسانیت کی خدمت کرنا ہی آمد رسول ۖ کے حقیقی مقاصد ہیں: محمد تبسم بشیر اویسی
Posted on May 25, 2014 By Geo1 Webmaster سٹی نیوز
سیالکوٹ (میڈیا ورلڈ لائن)پیغام مصطفی ۖ پر عمل کر کے ہم میلاد مصطفےٰ ۖ کی حقیقی برکتیں حاصل کر سکتے ہیں۔ والدین کی فرمانبرداری، حقوق العباد کی ادائیگی، امن کا فروغ ،انسانیت کی خدمت اور محبتوں کے دیپ روشن کرنا ہی آمد رسول ۖ کے حقیقی مقاصد ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے میلاد مصطفےٰ ۖ پر بھی فرشتوں سے جلوس کا اہتمام کروایا اور معراج مصطفےٰ ۖ پر بھی فرشتوں کے جلوس میں محبوبۖ کولا مکاں پر بلایا۔
واقعہ معراج عروجِ انسانیت کا عظیم مظہر ہے ۔ شرک کا نظریہ ولادتِ مصطفےٰ ۖ سے دفن ہو گیا ۔ سفر معراج میں انبیاء کرام کا استقبال کرنا اور قبروں میں نماز ادا کرنا حیات انبیاء کا ثبوت ہے ۔آج امپورٹڈ نظریات کو مسلمانوں پر مسلط کر کے دہشت گردی کو فروغ دیا جا رہا ہے ۔عقیدہ و نظریہ وہی سچا اور نجات والا ہے جو سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ ، سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ ، سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ، سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ ، سیدنا غوث اعظم رضی اللہ عنہ اور دیگر اسلام کی قابل فخر ہستیوں کا ہے۔
حکومت توہین رسالت ۖ پر قانون کی گرفت مضبوط بناتی تو آج توہین اہلبیت و توہین صحابہ کے واقعات رونما نہ ہوتے ۔آج ملک و قوم کی راہنمائی و اصلاح کیلئے ہمیں پہلے اپنی راہنمائی کے ذرائع اور اپنی ذات کو درست کرنا ہو گا ۔ ان خیالات کا اظہار قائد تحریک اویسیہ پاکستان ،میڈیا ورلڈ لائن کے مطابق صوبائی امیر عالمی تنظیم اہلسنت پنجاب علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی سجادہ نشین مرکز اویسیاں نارووال نے انجمن غلامان مصطفےٰ ۖ کے زیر اہتمام بہلول پور ہیڈ مرالہ روڈ پر عظیم الشان جشن میلاد مصطفےٰ ۖ و معراج مصطفےٰ ۖ کانفرنس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
کانفرنس کی صدارت محسن اہلسنت ایس اے حکیم قادری جنرل سیکرٹری پاکستان مشائخ و علماء کونسل پاکستان نے کی جبکہ عاشقِ رسول ملک مظہر حسین اعوان مرکزی سیکرٹری اطلاعات و نشریات پاکستان مشائخ و علماء کونسل پاکستان ،علامہ حافظ محمد لقمان اویسی ضلعی صدر تحریک اویسیہ پاکستان سیالکوٹ ،ٹھیکیدار فلک شیر آف بلانوالہ اور صاحبزادہ محمد عاصم بشیر اویسی سرکولیشن مینجر ادارہ تاجدار یمن پاکستان مہمانان خصوصی تھے۔ کانفرنس میں پاکستان کے معروف ثناء خوان قاری احمد رضا جماعتی، عمیر زبیر رضا قادری، ملک صاحبی اعوان اور دیگر نے ہدیہ نعت پیش کیا۔
علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی نے کہا سیرت النبی ۖ میں ہمارے لئے تمام امور میں راہنما ئی موجود ہے ۔ہمیں شدت پسندی سے نہیں رواداری سے اشاعت اسلام کر کے ثابت کرنا ہے کہ ہم پیغمبر امن ۖ کے حقیقی غلام ہیں ۔حکمران ملک سے فحاشی و عریانی کے خاتمے کیلئے قانون سازی کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔