لندن (جیوڈیسک) ریو اولمپکس میں برطانیہ نے اپنا پہلا سونے کا تمغہ جیت لیا ہے۔ برطانوی تیراک ایڈم پیٹی نے ریو اولمپکس میں ناصرف سونے کا تمغہ حاصل کیا ہے، بلکہ ساتھ ہی ساتھ تیراکی میں ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔
برزایل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں اولمپک کھیلوں کے مقابلے جاری ہیں جہاں 21 سالہ برطانوی تیراک ایڈم پیٹی نے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیراکی کے 100 میٹر بریسٹ اسٹروک مقابلے میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا ہے اور اپنا عالمی ریکارڈ بھی توڑ ڈالا ہے۔
مردوں کی تیراکی کے 100 میٹر بریسٹ اسٹروک مقابلے میں ایڈم پیٹی نے مجموعی طور پر 57 اور 13 اعشاریہ سکینڈز میں مقررہ فاصلہ طے کرکے ایک روز قبل بننے والے اپنے عالمی ریکارڈ کو توڑ ڈالا ہے۔
انھوں نے تیراکی کے 100 میٹر بریسٹ اسٹروک مقابلے کے کوالیفائنگ میں 57.55 سکینڈز میں مقررہ فاصلہ طے کر کے ایک نیا عالمی ریکارڈ بنایا تھا اور سیمی فائنل میں 57.62 سکینڈ میں جیت اپنے نام کی تھی۔
اسٹیفورڈ شائر سے تعلق رکھنے والے ایڈم پیٹی نے سابق اولمپک چیمپیئن کیمرون ون ڈر بارح کو تیراکی کے فائنل مقابلے میں شکست دے کر 2016 اولمپک میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔
انھوں نے 57.13 سکینڈز میں جیت کو اپنے نام کیا جبکہ اس مقابلے میں جنوبی افریقہ کے تیراک کیمرون وین ڈر بارح نے چاندی کا تمغہ اور امریکی تیراک کوڈی میلر نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا ہے۔
ایڈم پیٹی پہلے سے 2015 ورلڈ چیمپیئن، یورپی چیمپیئن شپ اور کامن ویلتھ چیمپیئن کے اعزازت رکھتے ہیں جبکہ اگلے چار سالوں تک وہ اولمپک میں اپنا عالمی ریکارڈ برقرار رکھ سکیں گے۔
ایڈم پیٹی کو اعزاز حاصل ہوا ہے کہ انھوں نے 28 برس بعد برطانیہ کے لیے اولمپک سوئمنگ ٹائٹل جیتا ہے.یہ اعزاز 1988 سیئول اولمپکس میں ایڈرین مورہاوس نے حاصل کیا تھا جبکہ ایڈم پیٹی نے مور ہاوس کے مقابلے میں 4.91 سکینڈز پہلے مقررہ فاصلہ طے کیا ہے۔
برطانیہ کے لیے دوسرا تمغہ پچیس سالہ خاتون تیراک جاز کارلن نے حاصل کیا ہے۔
اتوار کے روز ہونے والے عورتوں کی تیراکی کے چار سو میٹر فری اسٹائل مقابلے کے فائنل میں برطانیہ کی تیراک جاز نے مقررہ فاصلہ چار منٹ ایک اعشاریہ دو تین سکینڈ میں طے کیا اور چاندی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوگئی۔
چار سو میٹر فری اسٹائل مقابلے کا فائنل امریکی انیس سالہ تیراک کیٹی لیڈیکی نے جیتا. انھوں نے تین منٹ چھپن اعشاریہ چار چھ سکینڈ میں مقررہ فاصلہ طے کر کے نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔