ریو (جیوڈیسک) اولمپک کھیلوں کی عالمی کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ ماہ ریو میں ہونے والے اولمپک کھیلوں کے دوران 71 سال قبل ہیرو شیما پر گرائے گئے ایٹم بموں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کو یاد کیا جائے گا۔
کمیٹی نے اس سلسلے میں ایک خط بلدیہ ہیرو شیما کے نام لکھتے ہوئے واضح کیا کہ وہ سانحہ ہیرو شیما کے متاثرین کی یاد میں اولمپک سٹی میں ایک عدد رہائشی اسکیم بھی شروع کروا رہی ہے۔
اس کے جواب میں شہر کے میئر کازومی ماتسوئی نے کہا ہے کہ ہماری خواہش ہے کہ یہ دنیا اسلحے سے پاک ہو جائے۔ واضح رہے کہ ہیرو شیما بلدیہ کے میئر مات سوئی نے اولمپک کمیٹی سے درخواست کی تھی کہ وہ 71 سال قبل سانحہ ہیرو شیما میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں ایک تعزیتی تقریب کا بھی انعقاد کرے۔
یاد رہے کہ 6 اگست سن 1945 کو ہیروشیما پر دنیا کا پہلا ایٹم بم گرا گیا تھا جس میں 70 ہزار کے لگ بھگ افراد ہلاک ہو گئے تھے اس بم سے خارج ہونے والے تابکاری اثرات اتنے شدید تھے کہ ہلاکتوں کی یہ تعداد وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ 1 لاکھ 40 ہزار تک جا پہنچی تھی۔