لندن (جیوڈیسک) ریو پیرالمپکس مقابلوں میں برطانوی سائیکلسٹ سارا اسٹوری نے نا صرف اپنے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا ہے بلکہ وہ ریو پیرالمپکس میں تین طلائی تمغے جیتنے والی پہلی برطانوی خاتون بھی بن گئی ہیں۔
برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں ہونے والے پیرالمپکس 2016ء میں سارا اسٹوری برطانیہ کی سب سے کامیاب خاتون پیرالمپین بن گئی ہیں انھوں نے سائیکلنگ کے تین مقابلوں میں لگاتار تین طلائی کے تمغے حاصل کئے ہیں۔ سارا اسٹوری نے خواتین کی سی فائیو روڈ ریس میں ہونے والے مقابلوں میں تیسرا طلائی کا تمغہ جیتا انھوں نے خواتین کی سی 5-4 روڈ ریس میں 75 کلومیٹر کا فاصلہ 2 گھنٹے 15 منٹ اور 42 سکینڈز میں مکمل کیا۔
انھوں نے چینی سائیکلسٹ جیانگ پنگ روئین سے ساڑھے تین منٹ پہلے ریس مکمل کی جبکہ برطانوی سائیکلسٹ کرسٹل لین تیسرے نمبر پر رہیں اور کانسی کا تمغہ حاصل کیا ہے۔ 38 برس کی سارا اسٹوری نے اپنےپیرالمپکس کیرئیر میں سائیکلنگ اور تیراکی کے مقابلوں میں 14 طلائی تمغے جیتے ہیں۔
پیرا لمپکس کے دسویں دن چھ برطانوی کھلاڑیوں نے تمغے حاصل کئے جس کے ساتھ برطانیہ کے طلائی تمغوں کی تعداد 64 ہو گئی ہے۔
تاہم ریو پیرالمپکس کے گیارہویں دن کے اختتام پر جہاں چین بدستور سرفہرست ہے وہیں برطانیہ نے مجموعی طور پر 147 تمغوں کے ساتھ ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے جبکہ یوکرائن تیسرے اور امریکہ چوتھے نمبر پر ہیں۔
سابق تیراک اور روڈ اور ٹریک ریسنگ سائیکلسٹ سارا اسٹوری نے پیرالمپکس میں دونوں کھیلوں میں ایک سے زیادہ طلائی تمغے جیتے ہیں۔ مانچسٹر سے تعلق رکھنے والی سارہ پیدائشی طور پر معذوری کا شکار ہیں ان کا بایاں ہاتھ کام کاج کے قابل نہیں ہے۔
سارا اسٹوری نے پیرالمپک کیرئیر تیراک کے طور پر شروع کیا تھا انھوں نے بارسلونا کے پیرالمپکس مقابلوں میں دو سونے تین چاندی اور ایک کانسی کے تمغے جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا لیکن 2005ء میں اپنے کان کے انفیکشن کی وجہ سے انھوں نے تیراکی چھوڑ کر سائیکلنگ میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔
پیرالمپکس میں برطانیہ کی زیادہ کامیاب تیراک مائیک کینی کے مقابلے میں سارا کے پاس دو سونے کے تمغے کم ہیں جنھوں نے 1976ء سے 1988ء کے درمیان اپنے کیرئیر میں 16 طلائی کے تمغے جیتے تھے۔
پیرالمپکس کھیلوں کا آغاز 8 ستمبر سے ہوا۔ ان کھیلوں میں دنیا بھر سے 160 ٹیموں کے 4300 کھلاڑیوں نے حصہ لیا جبکہ اتوار 19 ستمبر کو ریو ڈی جینیرو کے مارکانا اسٹیڈیم میں کھیلوں کے سب سے بڑے میلے پیرالمپکس مقابلوں کی رنگا رنگ اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔