مناسک حج اتوار سے شروع ہوں گے

Mecca

Mecca

مکہ مکرمہ (جیوڈیسک) مکہ مکرمہ مناسک حج کی ادائیگی اتوار سے شروع ہو رہی ہے جو پانچ دنوں تک جاری رہے گی۔ دنیا بھر کے عازمین حج کا سعودی عرب آمد کا سلسلہ بھی آئندہ ایک دو روز میں اختتام پذیر ہوجائے گا۔ حاجیوں کی تعداد میں ہر سال ہونے والے غیر معمولی اضافے کو دیکھتے ہوئے مسجد الحرام کی تعمیر و توسیع کے منصوبے پر کام جاری ہے۔ یہ توسیع 21 ارب ڈالرز کے منصوبے کاحصہ ہے۔ توسیع کے بعد مسجد میں 20 لاکھ عازمین حج عبادت کر سکیں گے۔ خانہ کعبہ کے گرد تعمیر شدہ عارضی سسپنشن برج سے مطاف کی گنجائش میں اضافہ ہوگیا ہے۔

اس برج کی بدولت طواف کرنے والے افراد کی تعداد میں 48,000 سے زیادہ کا اضافہ ہوگیا ہے۔ اب ایک گھنٹے میں ایک لاکھ تیس ہزار عازمین طواف کرسکیں گے۔ تعمیرات کا کام تین سال میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔ اس سال، دنیا بھر سے تقریبا 20 لاکھ مسلمان فریضہ حج ادا کریں گے جس کا آغاز 13 اکتوبر سے ہوگا۔ سعودی حکومت نے آئندہ دو سالوں تک حاجیوں کی تعداد کم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ مسجدالحرام میں جاری توسیعی کام کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ رواں سال مقامی عازمین حج کی تعداد میں 50 فیصد، جبکہ غیرملکی عازمین کی تعداد میں 20 فیصد کمی کی گئی ہے، جبکہ غیرملکیوں کی ویزے کی مدت بھی کم کر کے 14 دن کر دی گئی ہے۔ دنیا بھر کے عازمین حج کا سعودی عرب آمد کا سلسلہ آئندہ ایک دو روز میں اختتام پذیر ہو جائے گا۔ پاکستانی عازمین حج کو لیکر قومی ائیر لائن کی آخری پرواز بدھ 9 اکتوبر کو جدہ پہنچے گی۔