لاہور (جیوڈیسک) دریائے چناب کا چنگھاڑتا سیلاب گوجرانوالہ، سرگودھا اور سیالکوٹ میں تباہی مچانے کے بعد، اب جھنگ اور ملتان کی طرف بڑھ رہا ہے۔ جھنگ شہر کو بچانے کیلئے اٹھارہ ہزاری بند کو توڑنے کا فیصلہ ہو گیا۔
چنیوٹ میں صورتحال انتہائی سنگین ہے۔ بیراج سے گنجائش سے ذیادہ سیلاب گزر رہا ہے۔جھنگ میں ہیڈ تریموں سے ساڑھیآٹھ لاکھ کیوسک کا ریلہ گزرے گا۔شہر کو بچانے کیلئے اٹھارہ ہزاری بند توڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جھنگ کے بعد ملتان بھی چناب کے سیلاب کی ذد میں ہے۔
نو لاکھ کیوسک سیلابی ریلے کے خدشے پر ملتان میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کرکے فوج طلب کر لی گئی ہے۔ادھر دریائے راوی میں ہیڈ بلوکی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دریائے جہلم میں رسول بیراج کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ چونتیس ہزار کیوسک ہے۔
دریائے ستلج میں بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے خطرے کے پیش نظر قریبی آبادیوں کو بھی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔