دریائے سندھ: کوٹری بیراج کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب

River Sindh

River Sindh

دریائے سندھ میں کوٹری بیراج کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ کوٹری کے متعدد علاقے پانی کی زد میں ہیں۔ سندھ اور پنجاب کے علاقوں سے تاحال پانی کی نکاسی نہیں کی گئی۔ پنجاب میں سیلاب متاثرین کی واپسی شروع ہو گئی۔

دریائے سندھ میں کوٹری بیراج کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کے بہا میں اضافہ جاری ہے۔ کوٹری بیراج سے ملحقہ سحرش نگر کے کچے کے علاقے گزشتہ کئی دنوں سے زیر آب ہیں۔ سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بھی پانی بڑھتا جارہا ہے۔

نواب شاہ کے قریب دریائے سندھ میں مڈمنگلی کے مقام پر کٹا جاری ہے۔ دادو، خیرپور اور لاڑکانہ کے کچے کے کئی دیہات پانی میں گھر چکے ہیں۔ سکھر، خیرپور اور دادو کے سیلاب متاثرین میں امدادی کاروائیاں نہ ہونے کے برابر ہیں۔ سندھ اور پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں سے تاحال پانی نہیں نکالا گیا۔ متاثرین گھر بار چھوڑ کر خیمہ بستیوں اور قومی شاہراہوں پر پناہ لیے ہوئے ہیں۔

پنجاب میں سیلاب گزر جانے کے بعد لوگ پھر سے گھر آباد کرنے اپنے آبائی علاقوں کی طرف لوٹ رہے ہیں۔ جھنگ کے ارگرد کے دو سو کے قریب دیہات میں متاثرین مکانات اپنی مدد آپ کے تحت تعمیر کر رہے ہیں۔ حکومتی امداد نہ ملنے کی وجہ سے جھنگ کی مقامی خواتین نے حکومت کے خلاف شاہراہوں پر دھرنا دیا اور نعرے بازی کی۔

راجن پور کی پچاس فیصد آبادی علاقوں کو لوٹ گئی ہے اور اپنی مدد آپ کے تحت مکانات کی تعمیر نو کر رہی ہے۔ ڈیرہ غازی خان کے علاقے درخواست جمال میں متاثرین کھلے میدانوں اور شاہراہوں پر پناہ لیے ہوئے ہیں۔ متاثرین کا شکوہ ہے کہ اس مشکل وقت میں حکومت ان کی کوئی مدد نہیں کررہی۔ متاثرہ علاقوں میں گندہ پانی کھڑا رہنے سے بیماریوں نے بھی جنم لے لیا ہے۔