چترال (جیوڈیسک) دریائے مستوج چترال میں رشن کے مقام پر پہاڑی تودہ گرنے سے پانی کا بہاؤ رک گیا۔ دریا کے پانی سے مصنوعی جھیل وجود میں آنے سے قریبی آبادی کو خطرات لاحق ہوگئے۔ چترال شہر اور گردونواح میں گزشتہ دو روز سے وقفے وقفے سے شدید بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے دریائے مستوج میں رشن کے مقام پر پہاڑی تودہ آگرا۔
تودہ دریا میں گرنے سے رشن کے مقام پر دریا کا بہاؤ رک گیا ہے اور تیزی سے مصنوعی جھیل وجود میں آرہی ہے۔ دریا میں پانی کی سطح بھی بتدریج بلند ہورہی ہے جس سے قریبی آبادی کو خطرات لاحق ہیں۔ ڈپٹی کمشنر چترال امین الحق کے مطابق دریائے مستوج سے منسلک آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔