دریائے سندھ میں سیلاب، کچے کے درجنوں دیہات تباہ

River Sindh

River Sindh

دریائے سندھ میں سیلاب نے کچے میں تباہی مچا دی۔ درجنوں دیہات پانی کی نظر ہوئے تو کاشت کی گئی فصلیں بھی ڈوب گئیں۔ دریائے سندھ میں کوٹری بیراج کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور کوٹری بیراج سے گزرنے والا سیلابی ریلے کا پانی حیدرآباد کے علاقے سحرش نگر سے ملحقہ کچے کے علاقے گل شاہ کالونی میں داخل ہو گیا ہے۔ جس کے باعث کئی مکانات پانی میں ڈوب گئے۔

نوابشاہ کے علاقے دریائے سندھ میکارو کے مقام سے 4 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے مسلسل پانی کا دباو بڑھتا جارہا ہے۔ دریائے سندھ کے سیلابی ریلوں نے کچے کے دیہات پانی میں ڈب گئے ہیں۔ سیلابی ریلے سے دادو مورو پل کے قریب ڈھائی سو کے قریب دیہات اور سیکڑوں ایکڑ زرعی اراضی پانی کی نظر ہو چکی ہے۔

ضلع نواب شاہ کے قریب دریائے سندھ میں طغیانی سے کچے کے کئی دیہات میں پانی داخل ہوگیا۔ لوگ پانی میں گھرے ہوئے ہیں جبکہ آمدروفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ نواب شاہ اور سکھر میں سیلابی پانی میں آنے والے سانپوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔

متاثرہ علاقوں میں ویکسینیشن نہ ملنے سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ محکمہ آبپاشی کے مطابق گڈو بیراج پر پانی کا بہاو چار لاکھ پانچ ہزار کیوسک، سکھر بیراج میں تین لاکھ بیالیس ہزار کیوسک اور کوٹری بیراج پر دو لاکھ نواسی ہزار کیوسک ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔