دریائےسندھ سمیت خیبر پختونخوا کے بیشتر دریاؤں میں نچلے درجے کا سیلاب

Flood

Flood

اسلام آباد (جیوڈیسک) دریائے سندھ سمیت خیبر پختونخوا کے بیشتر دریاؤں میں نچلے درجے کا سیلاب ہے تاہم ملک کے دیگر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے شاہ عالم پر تخت آباد، دریائے ادیزئی پر ادیزئی پل اور دریائے کنہڑ پر بالاکوٹ کےمقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

دریائے سوات پر خوازہ خیلہ کے مقام پر پانی کا اخراج 16 ہزار 558 کیوسک اور دریائے پنجکوڑا پر دیر کے مقام پر پانی کا اخراج 12 ہزار 414 کیوسک ہے۔ دریائے سندھ پر اٹک خیرآباد کے مقام پر پانی کا اخراج 2 لاکھ 71 ہزار 600 کیوسک ہے جبکہ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 95 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا جہاں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔

خیبر پختونخوا کے علاوہ ملک کے دیگر دریا اپنے ہیڈ ورکس پر معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔ منگلا ڈیم میں پانی کی آمد 60 ہزار 112 اور اخراج 15 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، ڈیم میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ 43 لاکھ 93 ہزار ایکڑ فٹ جبکہ پانی کی سطح 1200.35 فٹ ہے۔

جو انتہائی سطح سے 42 فٹ نیچے ہے۔ تربیلاڈیم میں پانی کی آمد 2 لاکھ 39 ہزار اور اخراج ایک لاکھ 45 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، ڈیم میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ 21 لاکھ 82 ہزار ایکڑ فٹ اور پانی کی سطح 1464.34 فٹ ہے جوکہ اب بھی انتہائی سطح سے 86 فٹ نیچے ہے۔