ریاض 4سعودی خواتین کو دہشت گردی نظریات پھیلانے پر قید کی سزا

Jail

Jail

ریاض (جیوڈیسک) 4 سعودی خواتین کو دہشتگردی کے نظریات پھیلانے پر قیدکی سزا سنا دی گئی، سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار خواتین کے شدت پسندی میں ملوث ہونے سے متعلق یہ پہلا مقدمہ ہے۔

سعودی عرب کی ایک فوج داری عدالت نے دہشت گردی نظریات کی ترویج کے الزام میں چار خواتین کو چھ سے 10 سال قید کی سزائیں سنائی ہیں۔ سزا پانے والی خواتین شدت پسند تنظیم القاعدہ سے بھی رابطے میں رہی ہیں اور گزشتہ کچھ عرصے کے دوران گمراہ فرقوں کی حمایت میں سرگرم پائی گئی ہیں۔ سعودی عرب میں خواتین کے دہشت گردی میں ملوث ہونے سے متعلق یہ پہلا مقدمہ ہے۔

ریاض کی عدالت کی جانب سے جاری مقدمہ کی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ سزا یافتہ اپنے عزیز و اقارب کو بیرون ملک جنگی محاذوں پر خود تیار کرکے بھجواتی رہی ہیں۔ ان کے خیال میں سعودی شہریوں پر جہاد فرض عین کی حیثیت رکھتا ہے۔ ان خواتین نے نہ صرف خود جنگی تربیت حاصل کر رکھی ہے بلکہ وہ اپنے ساتھ کئی دوسری خواتین کو بھی شامل کرنے کی کوشش کرتی رہی ہیں۔

ان میں سے بعض نے بیرون ملک القاعدہ تنظیم کے لیے فنڈز بھی بھجوائے ہیں۔ دہشت گردی میں ملوث خواتین سکیورٹی اداروں کی جانب سے ممنوع قرار دی گئی ویب سائٹس کو کھولنے اور جنگ وقتال کے موضوعات پر آڈیو، ویڈیو اور تحریری مواد ڈاؤن لوڈ کرتی رہی ہیں۔