رضوان پھر مکر گیا، حلیمہ کو انصر نے قتل کیا، ملزم کا عدالت میں مؤقف

Rizwan

Rizwan

کراچی (جیوڈیسک) حلیمہ کے مبینہ قاتل ملزم رضوان کی گرفتاری کے بعد لگا تھا کہ قتل کی گتھیاں سلجھ گئی ہیں لیکن ملزم کی عدالت میں پیشی کے بعد معاملہ مزید الجھ گیا ہے۔

پولیس کو اعترافی بیان دینے والا رضوان عدالت میں اپنے بیان سے مکر گیا۔ ملزم رضوان نے عدالت کو بیان دیا کہ حلیمہ کا قتل اس کے سوتیلے بیٹے انصر نے کیا ہے۔

دوسری جانب تفتیشی افسر سب انسپکٹر نصر اللہ نے جلد بازی میں ملزم کے ریمانڈ کے ساتھ ہی اعترافی بیان کیلئے درخواست بھی جمع کرا دی۔ غلطی کا احساس ہونے پر تفتیشی افسر نے وکلاء صفائی کی منت کرتے ہوئے عدالت سے ملزم کو 3 دن کے ریمانڈ کے ساتھ اسپتال بھیجنے کی استدعا کی۔ وکلاء صفائی نے ساتھ نہ دیا تو عدالت نے بھی تفتیشی افسر کو جھاڑ پلا دی۔

رضوان کے بیان کے بعد عدالت نے ملزم کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ وہ 14 جون کو چالان پیش کرے۔