روڈ بند کر کے اگر حفاظتی انتظامات یقینی بنایا جا سکتا ہے تو پورے پاکستان کی شاہراہیں بند کر دی جائیں۔نور محمد انگریز

Karachi

Karachi

کراچی : پہلوان گوٹھ تاہ شاہراہ فیصل روڈ کی بندش کے خلاف گلستان جوہر، پہلوان گوٹھ اور بھٹائی آباد کے مکینوں نے ائر پورٹ انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع، وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ لاکھوں عوام کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے پہلوان گوٹھ تا شاہراہ فیصل روڈ کی جبری بندش کا خاتمہ کرایا جائے۔

احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء سابق مشاورتی کونسلر نور محمد انگریز نے کہاکہ روڈ کی بندش کے ذریعے اگر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنا یا جاسکتا ہے تو پورے پاکستان کی شاہراہیں بند کردی جائیں۔

انہوں نے کہاکہ مذکورہ سڑک کی بندش کی وجہ سے لاکھوں عوام آمد و رفت کی سہولت کے حوالے سے شدید مشکلات کا شکار ہیں اس موقع پر احتجاجی مظاہرین نے کہاکہ روڈ کی بند ائر پورٹ انتظامیہ کی نااہلی کا ثبوت ہے ارباب اختیار پہلوان گوٹھ تا شاہراہ فیصل روڈ کی بند کے خاتمہ کرائیں اگر روڈ کی بند کا خاتمہ فی الفور نہ کیا گیا تو شاہراہ فیصل پر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا جو کہ سڑک کی بندش کے خاتمے تک جاری رہے گا۔