اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ آؤ سڑکوں پر دیکھتے ہیں کون خطرناک ہے؟
اسلام آباد ڈی چوک پر عوامی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے کہ میں سڑکوں پر نکل کر خطرناک ہوجاؤں گا، میں کہتا ہوں آؤ تو سہی ، پتا چل جائے گا کون خطرناک ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ عمران خان کو بہت جلد باہر نکالیں گے ،اگر ہم نے اسے رہنے دیا تو آنے والی نسلیں معاف نہیں کریں گی جبکہ تمام جماعتیں مل کر مائنس سلیکٹڈ کریں گی ۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی عوامی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک پیش ہو گئی ، عمران خان کے گھبرانے کا وقت آگیا ، کٹھ پتلی کو گھر بھیجنے کا وقت آگیا ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں ، پسینے چھوٹ رہے ہیں ۔ پورے پاکستان کا اعتماد اٹھ چکا ہے ، اب وقت آگیا ہے پارلیمنٹ کا اعتماد بھی اس سے واپس لے لیا جائے ۔ وزیراعظم سے استعفیٰ لینے کیلئے کراچی سے نکلا پی پی کا عوامی مارچ ڈی چوک پر اختتام پذیر
انہوں نے کہا کہ میں عمران کے سہولت کاروں کو خبردار کرنا چاہتا ہوں کہ عوام نے فیصلہ سنادیا ہے کہ کٹھ پتلی کو برداشت نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پاکستان کا معاشی قتل کیا، پارلیمان سے پوچھے بغیر رات کو دہشت گردوں سے ڈیل شروع کی، کشمیرکاز کو نقصان پہنچایا،سی پیک سبوتاژ کرنے کی کوشش کی اور پاکستان کو دنیا میں اکیلا کردیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا پہلا قدم صاف شفاف الیکشن ہوگا۔
اس کے علاوہ مارچ سے ن لیگ کےاحسن اقبال اوراےاین پی کے ایمل ولی خان نے بھی بھی خطاب کیا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان سے استعفیٰ لینے کیلئے کراچی سے نکلا پیپلز پارٹی کا عوامی مارچ اسلام آباد میں اپنی منزل ڈی چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔
مرکزی رہنماؤں کے خطاب کےبعد جلسے کے منتظمین نے عوامی مارچ ختم کرنے کا اعلان کردیا اور شرکا ء گھروں کو واپس روانہ ہوگئے۔