سڑکوں پر خوشگوار سفر کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہیں، چیف ٹریفک آفیسر عمران کشور
Posted on December 5, 2013 By Majid Khan سٹی نیوز
فیصل آباد: سٹی ٹریفک پولیس نے موبائل لرنرڈرائیونگ لائسنس کیمپس کا آغاز کردیا ہے۔اس سہولت کے تحت شہربھر کے اہم چوکوں،چوراہوں،تعلیمی اداروں ودیگر نجی اورسرکاری اداروں سے ٹریفک پولیس کے موبائل لرنر ڈرائیونگ لائسنس یونٹ سے شہری اپنے لرنر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکیں گے۔ اِن خیا لات کا اظہار چیف ٹریفک آفیسر عمران کشور نے پریس کلب فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ، اُنہوں نے مذید کہا کہ ٹریفک پولیس کا بنیادی مقصد اور اولین ترجیح شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے اس مقصد کے حصول کے لئے موبائل کیمپس کا آغاز کیاجارہا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے لرنر ڈرائیونگ لائسنس پر بحکم سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر حیدر اشرف میڈیکل کی شرط کو ختم کیا گیا ہے۔سی ٹی او نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ موبائل کیمپس شہر بھر کے تمام سرکاری،غیر سرکاری،تعلیمی ودیگر اداروں میں جاکر شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے لئے معلومات فراہم کرنے کے علاوہ لرنر ڈرائیونگ لائسنس موقع پر جاری بھی کریں گے۔اس لرنر لائسنس کے حصول کے بعد شہری آئندہ 42دن کے بعد اپنا فریش ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکیں گے۔ان کیمپس کا مقصد شہریوں میں جہاں ٹریفک شعوراجاگر کرنا ہے وہاں ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے بعد ڈرائیونگ کرنے کے فعل کو یقینی بنانا ہے۔
موبائل لرنر ڈرائیونگ کیمپ کا باقاعدہ افتتاح چناب چوک اورایک تعلیمی ادارے کے قریب کیا گیا ہے جس میں پہلے ہی روز سینکڑوں شہریوں نے لرنر ڈرائیونگ لائسنس بنوائے ہیں یہ کیمپ روزانہ کی بنیاد پر مختلف پوائنٹس پر لگائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو ٹریفک لٹریچر کے ساتھ ساتھ لرنر ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے جائیں۔لرنر ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لئے ان کیمپس پر آنے والے شہریوں کو صرف کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈکی ایک عدد فوٹو کاپی لانا ہے۔فارم کی فراہمی،فیلنگ کے علاوہ لائسنس کی تمام سہولیات ٹریفک پولیس سے ٹریفک وارڈنز فراہم کریں گے تاہم ڈاکخانے کی ٹکٹس کی فراہمی کو بھی انہی کیمپس پر یقینی بنایاجارہا ہے تاکہ ون ونڈو آپریشن کے تحت شہری اس سہولت سے مستفید ہوسکیں۔چیف ٹریفک آفیسر نے کہاکہ ٹریفک پولیس شہریوں کو سہولیات باہم پہنچانے اور سڑکوں پر خوشگوار سفر کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہیں، تاہم شہری بھی ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com