لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) انتظامیہ کی عدم توجہ کی وجہ سے ریڑھیوں اور سائیکلوں پر گرد و غبار سے بھرے کھلے عام ماسک سڑکوں پر فروخت ہورہے ہیں جو شہریوں میں بیماریوں بانٹنے کا زیادہ سبب بن رہے ہیں۔
لاہور میں سڑکوں، ریڑھیوں اور سائیکلوں پر کھلے ماسک فروخت ہورہے ہیں، شہر کے مختلف علاقوں نیو انار کلی بازار،میو ہسپتال، نولکھا بازار، لنڈا بازار،گنگا رام، باغ بانپورہ،چائنہ اسکیم، شاہدرہ بازار، اچھرا بازار اور دیگر علاقوں میں سڑکوں پر ریڑھی بان اور سائیکلوں پر کھلے عام ماسک فروخت کرنے کی وجہ سے شہری مزید بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت 73 فیصد سے زائد لوگ کھلے عام ماسک سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے لاعلم ہیں کہ کھلے عام ماسک استعمال کرنے سے انہیں کیا، کیا بیماریاں لاحق ہو سکتی ہیں اور وہ کن کن بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں اس کے ساتھ ساتھ دکاندار بھی کھلے عام سٹرکوں پر ماسک فروخت کرنے سے اس سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے لاعلم ہیں،دوسری جانب شہر کی انتظامیہ اور دیگر ادارے بھی خاموش تماشائی بننے ہوئے ہیں کہ کھلے عام سڑکوں پر ماسک فروخت ہونے سے شہری کن کن بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں جس سے شہریوں کے دیگر بیماریوں میں مبتلا ہونے کا اندیشہ ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ لوگ ماسک استعمال کرنے کے بعد انہیں کھلےعام سڑکوں پر پھینک دیتے ہیں اور استعمال شدہ ماسک سڑکوں پر پھینکنے سے بھی شہری دیگر بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔
حکومت کی جانب سے جہاں موجودہ وبا کے بارے میں حفاظتی اقدامات کرنے کے لئے خاطر خواہ ہدایات کی جارہی ہیں اور لوگوں کو بھی ایک دوسرے کے ساتھ میل جول کم سے کم کرنے اور پبلک مقامات پر ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے لیکن اس کے ساتھ لوگوں کو یہ آگاہی بھی ضروری ہے کہ وہ پیکنگ والا اور میڈیکل اسٹور اور جنرل اسٹور سے ہی ماسک خریدنے کو زیادہ سے زیادہ ترجیح دیں تاکہ وہ حفاظتی اقدامات کے ساتھ ساتھ دیگر بیماریوں سے بھی محفوظ رہ سکیں۔