ڈکیتی کی وارداتوں میں شہری لاکھوں کے مال و زر سے محروم

Robber

Robber

جھنگ (جیوڈیسک) جھنگ میں تین مختلف مقامات پر ڈکیتی کی وارداتوں میں شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کے مال و زر سے محروم کر دیا گیا۔ پہلے واقعہ میں موضع میار والی کا رہائشی محمد رمضان موٹرسائیکل پر سوار ہو کر جا رہا تھا کہ راستے میں تین نامعلوم مسلح افراد نے اسے روک کر موٹر سائیکل‘ موبائل فون اور نقدی چھین لی۔ دوسرے واقعہ میں شورکوٹ سٹی کا رہائشی مظفر اپنے گھر میں موجود تھا کہ اس دوران چار نامعلوم افراد اس کے گھر میں داخل ہو گئے اور اسلحہ کے زور پر اس سے طلائی زیورات، موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔

تیسرے واقعہ میں شورکوٹ سٹی کے ہی رہائشی رمضان کے گھر میں مسلح افراد داخل ہو گئے اور اہل خانہ کو یرغمال بنا کر طلائی زیورات‘ موٹر سائیکل اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔ پولیس تھانہ قادر پور اور تھانہ شورکوٹ سٹی نے مقدمات درج کر کے کارروائی شروع کر دی۔