ڈکیتی و چوری کی 9 وارداتیں ڈاکوؤں نے بنک سے 20 لاکھ لوٹ لئے

Sargodha

Sargodha

سرگودھا (جیوڈیسک) ڈکیتی و چوری کی مختلف وارداتوں کے دوران اندرون شہر کباڑی بازار میں 5 نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے نجی بینک میں داخل ہو کر عملے اور وہاں موجود صارفین کو یرغمال بنا لیا اور 20 لاکھ سے زائد کی نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری اورافسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈ نگ قبضہ میں لے لی گئی جبکہ اشرف کالونی کے یوسف اور اسکی کزن بشریٰ کو دو مسلح افراد نے ہراساں کرکے زیورات و نقدی چھین لی۔ 139 شمالی کے قریب تین نامعلوم افراد گن پوائنٹ پر گلزار سے موٹر سائیکل، نقدی وموبائل چھین کر فرار ہو گئے۔

سیٹلائٹ ٹاؤن کے ثناء اﷲکے گھر سے ساڑھے 5 لاکھ روپے مالیت کا سامان،نقدی،زیورات،بھیرہ کے محمد الیاس کی دکان سے بھاری مالیت کا سامان، نصیر آباد کے اختر نواز کے فارم سے ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کینو،126 جنوبی کے محمد اشرف کی دکان سے بھی قیمتی سامان،نقدی وغیرہ،گل والا سے محمد امین کا چنگ چی رکشہ، 118 جنوبی کے شمشاد علی کے گھر سے بھی نقدی و زیورات، جراء سکیسر کے دوست محمد اور 2 جنوبی کے احمد نواز کے ڈیروں سے ساڑھے 3 لاکھ روپے مالیت کے مویشی چوری کر لئے گئے ۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لئے ۔