مری (جیوڈیسک) عید کے موقع پر ملکہ کوہسار مری میں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور گنجائش سے زائد گاڑیوں کی آمد کے باعث پولیس نے مزید گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی۔
عید کے موقع پر سیروتفریح کے لئے راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں سے شہریوں کی بڑی تعداد مری پہنچ گئی جس کے باعث گنجائش سے زیادہ گاڑیوں کے ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
جب کہ ڈی سی او ساجد ظفر کا کہنا ہے کہ عید کے پہلے دن سے اب تک ایک لاکھ سے زائد گاڑیوں کی آمدورفت ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ گنجائش سے زائد گاڑیوں کی آمدورفت کے بعد مزید گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے اس لئے سیاح تکلیف سے بچنے کیلئے فی الحال مری آنے سے گریز کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز 50 ہزار سے زائد گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں جس کے باعث مال روڈ ، جھیکا گلی اور کشمیر پوائنٹ پر بدترین ٹریفک جام رہا اور لوگ کئی گھنٹے تک ٹریفک جام میں پھنسے رہے۔