سوئٹزر لینڈ (جیوڈیسک) دفاعی چیمپئن روجر فیڈرر نے سوئس انڈور ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ دوسری جانب ویلنشیا اوپن اینڈی مرے جبکہ سنگاپور ویمنز ایونٹ سرینا ولیمز کے نام رہا۔
سوئٹزرلینڈ کے شہر باسل میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے فائنل میں ہوم فیورٹ روجر فیڈرر نے بیلجیئم کے ڈیوڈ گوفن کو یکطرفہ مقابلے کے بعد سٹریٹ سیٹس میں زیر کیا۔ 51 منٹ پر مشتمل مقابلے میں سوئس سٹار کھلاڑی نے چھ دو، چھ دو سے ٹائٹل اپنے نام کیا۔
دوسری جانب ویلنشیا میں ہونیوالے ٹینس ایونٹ کے فائنل میں برطانوی اسٹار اینڈی مرے نے سپین کے ٹومی روبرڈو کو 3 گھنٹے 20 منٹ کے کانٹے کے مقابلے کے بعد مات دی۔ اینڈی مرے نے تین چھ، سات چھ، سات چھ سے کامیابی حاصل کر کے ٹرافی اپنے نام کی۔
سنگاپور میں ہونے والے ویمنز فائنل میں عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز نے رومانیہ کی سیمونا ہیلپ کو سٹریٹ سیٹس میں چھ تین، چھ صفر سے ہرایا۔ اس فتح کے بعد سرینا ولیمز نے مسلسل تیسرا جبکہ کیرئیر کا 64 واں ٹائٹل اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔