اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے تشدد پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری کو مظلوم افراد کے تحفظ کے لیے اقدامات اٹھانے چاہیے۔
وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر ظلم و تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار عالمی برادری کے ضمیرے کے لئے چیلنج ہے، اوآئی سی کے فوری اور موثر ایکشن کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں۔
وزارت خارجہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر ظلم و تشدد کی مذمت کی ہے اور میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف جاری تشدد پر گہرے غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں سے تعاون کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے فوری اور موثر ایکشن کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر کوفی عنان کمیشن کی سفارشات پر عمل کیا جانا چاہئے
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ روہنگیا مسلمانون کے خلاف بدترین تشدد اور ان کے بدتر حالات عالمی ضمیر کے لیے چیلنج بنے ہوئے ہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی انسانی حقوق سے متعلق خودمختار کمیٹی (آئی پی ایچ آر سی) کی سفارشات کی حمایت کرتا ہے، جن میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کےلیے کہا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف جاری تشدد کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ (یو این) کے سابق جنرل سیکریٹری کوفی عنان کی سربراہی میں قائم کی گئی کمیشن کی سفارشات پر بھی عمل کیا جائے۔
خواجہ محمد آصف نے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی، ان کے خلاف نسلی امتیاز، بدترین تشدد اور ان کے خلاف مذہبی پابندیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
وزیر خارجہ کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ پاکستان روہنگیا مسلمانوں کے خلاف مظالم سے متعلق اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر کمیشنوں کی تجاویز کی حمایت کرتا ہے۔