روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کیخلاف شہر شہر احتجاج، عالمی برادری پر کڑی تنقید

Protest

Protest

اسلام آباد (جیوڈیسک) روہنگیا مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستانی عوام بھی سڑکوں پر آ گئی۔ انٹرنیشنل باکسر عامر خان بھی میدان میں آ گئے۔ لاہور میں داتا دربار پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں باکسر عامر خان نے کہا کہ وہ روہنگیا مسلمانوں پر مظالم سے بہت رنجیدہ ہیں، عالمی برادری قدم آگے بڑھائے۔

اسلام آباد میں سپریم کورٹ بار کے وکلاء نے بھی روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف مارچ کیا اور بے گناہوں پر مظالم بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کیخلاف کراچی پریس کلب پر صحافیوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ صحافیوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلمانوں پر مظالم رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

سکھر کے سیشن کورٹ میں وکلاء نے برما میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف احتجاج کیا۔ فیصل آباد میں ڈسٹرکٹ بار نے بھی روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف ریلی نکالی اور برما کی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

دوسری جانب، برما میں مسلمانوں کے قتل عام اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف کشمیری بچے اور جوان بھی سڑکوں پر نکل آئے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مسلمانوں کو تحفظ دینے کا انتظام کرے۔