لاہور (جیوڈیسک) آئی جی پنجاب پولیس خان بیگ کا کہنا ہے کہ روجھان میں یرغمال اہلکاروں کی بازیابی کیلئے فوج اور رینجرز سے مدد نہیں مانگی۔ ڈاکو یرغمال اہلکاروں اور عام لوگوں کو ڈھال بنائے ہوئے ہیں۔
ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ روجھان میں چھوٹو گینگ کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے اہلکاروں کو پولیس ہی بازیاب کرائے گی۔ اہلکاروں کی بازیابی کیلئے فوج یا رینجرز سے مدد طلب نہیں کی۔
خان بیگ کا کہنا تھا کہ قبائلی سردار بھی اہلکاروں کی بازیابی کیلئے ڈاکوں سے بات چیت آگے بڑھائیں۔ آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ ڈاکوں کیخلاف آپریشن میں سب سے بڑا مسئلہ مقامی آبادی ہے جس کو ڈاکو ڈھال بنائے ہوئے ہیں۔