روجھان میں زمین کے تنا زع پر بھائیوں کے ہاتھوں قتل ہونے والے بھائی اور بھابی کے ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف مقتولہ کی والدہ نے پٹرول چھڑک کر خود سوزی کی کوشش اور ٹائر جلا کر پولیس کے خلاف مظاہرہ کیا۔روجھان نواحی علاقے عمر کوٹ میں کچھ عرصہ قبل زمین کے تنازع پر بھائیوں کے ہاتھوں قتل ہونے والے بشیر احمد اور اس کی بیوی صائمہ بی بی کے قتل کے نامزد ملزم غفار، ممتاز، ہزارہ اور اس کا بیٹا خلیل شامل تھے۔
جن میں سے غفار اور ممتاز کو تو پولیس نے گرفتار کیا تھا لیکن ہزارہ اور اس کے بیٹے خلیل کو گرفتار نہ کرنے پر مقتولہ کی والدہ صفیہ بی بی نے خود پر پیڑول چھڑک کر خود سوزی کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا۔ مشتعل لواحقین نے ٹائر جلا کر انڈس ہائی وے بلاک کر دی اور پولیس کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ مقتولہ کی والدہ نے چیف جسٹس پاکستان سے انصاف کی اپیل کی ہے۔