روجھان (جیوڈیسک) کے چھوٹو گینگ نے پنجاب پولیس کو ناکوں چنے چبوا دیے۔ ڈاکو مغوی پولیس اہلکاروں سمیت غائب ہو گئے اور پولیس منہ تکتی رہ گئی۔ روجھان پنجاب پولیس کو تگنی کا ناچ نچانے والا چھوٹو گینگ بھی کسی فلمی گینگ سے کم نہیں۔ چار دن سے چار اضلاع کی پنجاب پولیس اس گینگ کے پیچھے پیچھے ہے لیکن چھوٹو گینگ نے پنجاب پولیس کو ایسے گھن چکر میں پھنسایا ہے۔
کہ پولیس چکرا کر رہ گئی ہے۔ اتوار کو چھوٹو گینگ نے کچا جمال میں پولیس چیک پوسٹوں پر قبضہ کیا اور ساتھ ہی نو اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا۔ پھر شروع ہوا اصلی پولیس مقابلہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے آئی جی پنجاب خان بیگ بھی روجھان پہنچے اور گرینڈ آپریشن کی دھمکی بھی کام نہ آئی۔
مقامی ایم پی اے عاطف مزاری کے ڈاکوں سے مذاکرات بھی ناکام رہے۔ اس دوران فائرنگ سے ایک مغوی اہلکار جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔ چھوٹو گینگ مغوی پولیس اہلکاروں کو لے کر غائب ہوگیا ہے اور پنجاب پولیس بظاہر اس گینگ کے سامنے بے بس دکھائی دیتی ہے۔