روجھان : چھوٹو گینگ کی اطلاع، پولیس کا سرچ آپریشن

Rojhan

Rojhan

روجھان (جیوڈیسک) پنجاب پولیس نے روجھان کے علاقے کچا لال خان میں چھوٹو گینگ کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کے دوران علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ روجھان آٹھ مغوی اہلکاروں کی بازیابی کے لیے پنجاب پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس نے آج کچا لال خان میں چھوٹو گینگ کی موجودگی کی اطلاع پر علاقے کو گھیرے میں لیا اور گھر گھر تلاشی لی تاہم ابھی تک مغوی پولیس اہلکاروں کو بازیاب نہیں کرایا جا سکا۔ چھوٹو گینگ نے آٹھ روز پہلے کچا جمال میں چیک پوسٹوں پر قبضہ کر کے 9 پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا تھا۔

پولیس ابھی تک اپنے مغوی ساتھیوں اور چھوٹو گینگ کا سراغ نہیں لگا سکی۔ چار روز سے جاری سرچ آپریشن میں پولیس نے درجنوں مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔ ان کی نشاہدی پر پولیس نے کچا لال خان کا گھیرائو کر رکھا ہے اور علاقے میں گھر گھر تلاشی کا عمل بھی جاری ہے۔

دوسری جانب گن شپ ہیلی کاپٹر سے فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے اور اس سرچ آپریشن میں 10 بکتر بند گاڑیاں بھی حصہ لے رہی ہیں۔ پولیس کی طرف سے مغویوں کی رہائی کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن بھی ختم ہوچکی ہے لیکن تاحال کوئی کامیابی نصیب نہ ہوسکی۔ کچے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کرنے سے علاقے میں خوف وہراس پیدا ہوگیا ہے اور مقامی افراد کی نقل وحرکت گھروں تک ہی محدود ہوگئی ہے۔