رونالڈینو سمیت 8 غیر ملکی فٹبالرز اسلام آباد پہنچ گئے

Ronaldinho

Ronaldinho

اسلام آباد (جیوڈیسک) رونالڈینو سمیت 8 غیر ملکی فٹبالرز اسلام آباد پہنچ گئے، غیر ملکی فٹبالرز آرمی چیف سے ملاقات کریں گے، جنرل قمر باجوہ لیجینڈ فٹبالرز کے اعزاز میں استقبالیہ بھی دیں گے، رونالڈینو الیون پہلا میچ آج کراچی میں کھیلے گی، دوسرا نمائشی میچ کل لاہور میں کھیلا جائے گا،عالمی فٹبالرز کو وی آئی پی سکیورٹی دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں مقبول ترین کھیل فٹ بال جس کو پاکستان میں مسلسل نظر انداز کیا گیا اور حکومت کی عدم توجہی سے یہ کھیل ملک میں کوئی خاص مقام نہ حاصل کر سکا تاہم پاکستان میں اس کھیل کی قسمت بدلنے والی ہے۔ ورلڈ گروپ اور لیژر لیگس کے تعاون سے رونالڈینیو اینڈ فرینڈز الیون کے درمیان کراچی اور لاہور میں ہونے والے دو نمائشی میچز کو ملک میں فٹ بال کے فروغ کی جانب پہلا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش بھی مکمل کرلی گئی ہے اور گرائونڈ کے باہر نامور فٹ بالرز کے قد آور پوسٹرز لگائے گئے ہیں جہاں برقی قمقموں میں رونالڈینیو اینڈ فرینڈز الیون کے درمیان آج شب ساڑھے آٹھ بجے میچ ہو گا۔ اس دوران پاکستان میں پہلی مرتبہ اپنی نوعیت کے واحد لیزر شو کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

لیژر لیگس کے چیف آپریٹنگ آفیسر اسحاق شاہ کے مطابق کڑی محنت کے بعد وہ اس پروجیکٹ کو پاک فوج کی مدد سے حقیقت کا روپ دینے میں کامیاب ہوئے ہیں اور اس کام کو ملک میں فٹ بال کے فروغ اور وطن عزیزکی ساکھ کو بہتر بنانے کیلئے آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں میچوں اور نامور فٹبالرز کے مختصر قیام کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جبکہ ٹکٹوں کیلئے بھی شائقین کی جانب سے اچھا رسپانس ملا ہے۔ لیژر لیگس کے منتظمین کے مطابق اہلیان لیاری کیلئے انہوں نے ایک ہزار مفت ٹکٹس مختص کئے ہیں۔

واضح رہے کہ میچ کیلئے ٹکٹیں ساڑھے بارہ ہزار، بارہ ہزار، آٹھ ہزار، ساڑھے پانچ ہزار اور کم از کم دو ہزار روپے میں دستیاب ہیں۔ لیثرر لیگس کے پہلے ایڈیشن کا دوسرا میچ کل لاہور میں فورٹریس اسٹیڈیم پر کھیلا جائے گا اور فلڈ لائٹس نہ ہونے کی وجہ سے یہ دن کی روشنی میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسحاق شاہ نے کہا کہ دونوں میچوں میں رونالڈینیو اور ریان گگز کے علاوہ برازیل کے سابق کھلاڑی رابرٹو کارلوس، سابق انگلش گول کیپر ڈیوڈ جیمز، ڈچ سٹارز جارج بویٹنگ، رابرٹ پائرس اور پرتگالی پلیئر لوئس بوا مورٹی کے علاوہ پاکستانی کپتان کلیم اللہ اور دیگر قومی کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

یاد رہے کہ کلیم اللہ امریکا میں سیکرامینٹو رپبلک ایف سی اور کرغزستان کے ڈورڈائی کلب سے کھیلتے رہے ہیں۔ پاکستانی پلیئرز میں سعد اللہ، صدام حسین، عبدالعزیز، محمد احمد، محمد رسول، جعفر خان، یوسف بٹ، حسن بشیر، عدنان احمد اور محمد عادل کو سٹار پلیئرز کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملے گا۔ ذرائع کے مطابق رونالڈینیو کو نمائشی میچز کیلئے چھ لاکھ ڈالرز تک ادا کئے گئے ہیں جبکہ ریان گگز اور دیگر انٹرنیشنل فٹ بالرز کو تین سے چار لاکھ ڈالرز ادا کئے گئے۔ ورلڈ گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر منیر محمود ٹرنک والا کے مطابق اس ایونٹ کے لئے بھاری سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ یہ سب ان کے والد محمود ٹرنک والا کی خواہش پر ہوا کیونکہ وہ پاکستان کیلئے بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں۔