رونالڈو نے 17 گول کر کے یوئیفا میں نئی تاریخ رقم کر دی

Ronaldo

Ronaldo

لزبن (جیوڈیسک) پرتگالی اسٹرائیکر کرسٹیانو رونالڈو نے فائنل میں ایٹلیٹ کو میڈرڈ کیخلاف ایک گول داغ کر ایونٹ میں اپنے مجموعی گولز کی تعداد 17 تک کر لی، جو کہ کسی ایک ایونٹ میں کسی بھی پلیئر کی جانب سے داغے جانے والے سب سے زیادہ گول ثابت ہوئے۔ ان سے قبل بارسلونا کے ارجنٹائنی اسٹار لیونل میسی نے 2011-12 سیزن میں 14 گول بنائے تھے، تاہم موجودہ سیزن میں رونالڈو کے بعد فرنچ کلب پیرس سینٹ جرمین کے سوئیڈش پلیئر ابراہیمووک زلاٹن 10 مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھانے میں کامیاب رہے، میسی اور ایٹلیٹکو میڈرڈ کے ڈیگو کوسٹا نے یکساں طور پر 8،8 گول بنائے، مانچسٹر سٹی کے اگیورو اور ڈورٹمنڈ کے لیوانڈوسکی نے 6،6 گول اسکور کیے۔

گذشتہ شب اختتام پذیر ہونیوالے سیزن میں ڈورٹمنڈ کے ریوس، مانچسٹرسٹی کے نیگریڈو، یووینٹس کے ویڈال، رئیل میڈرڈ کے گیراتھ بیل اور کریم بینزیما نے 5،5 گول داغے۔دوسری جانب یوئیفا میں مجموعی طور پر 71 گول بنانے کا ریکارڈ رئیل میڈرڈ اور ایف سی شالکے کے سابق پلیئر رال گونزالز کو ہی حاصل ہے، لیکن موجودہ سیزن کی پرفارمنس کے بعد لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو کے مجموعی گولز کی تعداد 67،67 سے برابر ہو گئی ہے، ڈچ فٹبالر روڈ وان نیسٹلروئے 56 گولز کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔