رحیم یار خان : روٹری انٹرنیشنل کی پاکستان پولیو کمیٹی کے رکن ممتاز بیگ نے انسداد پولیو کی سپیشل مہم کے دوران گلشن اقبال میں ورکرز کو بتایا کہ ڈی سی اوکیپٹن (ر) ظفر اقبال اور ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر مخدوم بشارت حسین کی قیادت میں محکمہ صحت اور دیگر پولیوسٹاف قابل تحسین کردار ادا کر رہے ہیں۔
پولیو ایک خطرناک وائرس ہے جو صرف پانچ سال سے کم عمربچوں پر حملہ کرکے انہیں عمر بھر کیلئے ٹانگوں سے معذور کر دیتا ہے جس کا کوئی علاج نہیں۔ پولیو ویکسین ایک قیمتی دوا ہے اور حکومت نئی نسل کو معذوری سے بچانے کیلئے مفت فراہم کر رہی ہے۔ اساتذہ، سول سوسائٹی اور سماجی و فلاحی تنطیمیں پولیو بارے شعور اجاگر کرنے میں اپنا بھر پور تعاون اسی طرح جاری رکھیں تاکہ رواں سال وطن عزیز سے اس موذی مرض کا خاتمہ ہوسکے۔
یونیسف ڈسٹرکٹ کوآردینیٹر فرقان تتلہ اورروٹیرین فرحان عامر نے کہا کہ ضلع رحیم یارخان حساس ڈیکلئر ہونے کے باعث انسداد پولیو کی سپیشل مہم جاری ہے۔ ویکسین کے دو قطرے پینے سے بچہ عمر بھر کیلئے معذور ہونے سے بچ جاتاہے۔ پڑھے لکھے ، اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ڈاکٹرز والدین جو رول ماڈل اورمعاشرہ میں بہترین اثرورسوخ رکھتے ہیں اپنے اور اردگرد پانچ سال سے کم عمرتمام بچوں کو انسداد پولیو کی ہر مہم میں ویکسین کے دوقطرے پلا کر اپنا قومی کردار ادا کریں۔
اس موقع پر پاکستان پولیو کمیٹی کے رکن ممتاز بیگ اور یونیسف ڈسٹرکٹ کوآردینیٹر فرقان تتلہ نے ای پی آئی زونل انچارج طاہر محمود، ایریاانچارج رانا محمدافضل ،عبدالقیوم ،محمد عتیق، سفینہ ساجد، ثمینہ عباس روٹری کلب ممبران فرحان عامر، طحہ بیگ آف لاہو و دیگر کے ہمراہ گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین کے قطرے پلائے اور پولیو بارے آگاہی فراہم کی۔ روٹری کلب کی طرف سے پولیو شرٹس، کیپس، سٹوری بکس و دیگر تحائف تقسیم کئے گئے۔