کراچی: ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زونز کو ہدایت کی ہے کہ چورنگیوں ،چوراہوں کے اطراف قائم تجاوزات اور غیر قانونی وہیکل اسٹینڈز کا خاتمہ کرکے اس کی تزئین و آرائش کے حوالے سے جاری انتظامات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ علاقائی سطح عوامی تعاون کے ذریعے صاف ستھرا سرسبز ماحول قائم کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بلدیہ کورنگی رفیق شیخ کے ہمراہ شاہ فیصل زون کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے صفائی و ستھرائی اور چورنگیوں اور چوراہوں کی تزئین و آرائش کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر شاہ فیصل زون کے فوکل پرسن طلعت محمود ،ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز شاہ فیصل زون اسلم پرویز ،انفارمیشن آفیسر محمد ارشد اور دیگر موجود تھے۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے ضلع کورنگی میں صحت مند ماحول کے قیام کے حوالے سے اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ صاف ستھرا اور صحت مند ماحول کے حوالے سے عوامی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنا یا جائے ضلع کورنگی کی حدود میں تمام کچرا کنڈیوں سے کچرے کی روزانہ کی بنیاد پر منتقلی اور کچرا کنڈیوں میںجراثیم کش ادویات کے اسپرے کی انجام دہی کو یقینی بنا نے کی ہدایت کی اس موقع پر افسران و عملے کو ہدایت کی کہ بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات تیز کرتے ہوئے عوام کو مسائل سے پاک معاشرے کی فراہمی یقینی بنا یا جائے۔