راستوں کی بندش، پٹرول کی مصنوعی قلت کیخلاف درخواستوں کیلئے فل بنچ تشکیل

Applications

Applications

لاہور (جیوڈیسک) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے صوبے بھر میں کینٹینرز لگا کر راستے بند کرنے ، پٹرول کی مصنوعی قلت اور تحریک انصاف کے کارکنوں کی مبینہ گرفتاریوں کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کے لیے فل بینچ تشکیل دیدیا۔

تحریک انصاف لائرز ونگ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پنجاب حکومت نے آزادی مارچ رکوانے کے لیے صوبے بھر میں داخلہ اور خارجی راستوں پر کنٹینرز لگا دئیے ہیں جبکہ پٹرول کی مصنوعی قلت پیدا کر کے کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔

حالانہ احتجاج کرنا ہر شہری اور سیاسی جماعت کا آئینی حق ہے۔ لہٰذا عدالت پنجاب حکومت کے ان اقدامات کو غیرآئینی قرار دے۔ جسٹس محمود بھٹی نے معاملہ کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے سماعت کے لیے فل بینچ کی سفارش کی جس پرچیف جسٹس نے جسٹس محمود احمد بھٹی ، جسٹس مسعود جہانگیر اور جسٹس ارشد تبسم پر تین رکنی فل بینچ تشکیل دیدیا جو ان درخواستوں کی سماعت کرے گا۔