سڈنی (جیوڈیسک) آسٹریلوی رائل بحریہ کے سو سال مکمل ہونے پر تقریبات کا آغاز ہو گیا، سترہ ممالک کے بحری جہاز حصہ لینے کے لئے آسٹریلیا پہنچ گئے۔
تقریبات کا آغاز سڈنی کی بندرگاہ پر ہوا جس میں امریکہ، برطانیہ، فرانس اور آسٹریلیا سمیت سترہ مختلف ممالک کے شپ حصہ لے رہے ہیں۔ تقریب کی خاص بات پرانی طرز تعمیر کی بڑی بادبانی کشتیاں ہیں جو آسٹریلوی رائل بحریہ کے ابتدائی دور کی یاد دلاتی ہیں۔
نو روز تک جاری رہنے والی ان تقریبات میں بحریہ کی مشقوں کا عملی مظاہرہ بھی کیا جا رہا ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ ان تقریبات میں دس لاکھ سے زائد شائقین کی آمد متوقع ہے۔