رائل لیک اسکواش میں فرحان زمان نے بھارتی حریف کو قابو کرلیا

Squash

Squash

کوالالمپور (جیوڈیسک) رائل لیک اسکواش ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پاکستان کے فرحان زمان نے بھارتی حریف ہریندر پال سندھو کو 3-1 سے قابو کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کے دارلحکومت کوالالمپور میں جاری 15 ہزار ڈالر انعامی رقم کے پی ایس اے ایونٹ کوارٹر فائنل میں پاکستانی اسٹار فرحان زمان نے تھرڈ سیڈ بھارتی ہریندر پال سندھو کو 3-1 سے شکست دیدی، ابتدائی گیم میں فرحان سخت مقابلے کے بعد 10-12 سے ناکام رہے۔ دوسرے راؤنڈ میں انھوں نے شاندار انداز میں کم بیک کرتے ہوئے 11-8 سے کامیابی سمیٹی، اگلے گیم کے نتائج بھی اسی مارجن سے فرحان کے حق میں رہے۔

چوتھے میں ہریندر سندھو نے چند اچھے شاٹس کھیلے لیکن پاکستانی پلیئر نے 11-9 سے فتح پاتے ہوئے سیمی فائنل میں قدم رکھ دیا، جہاں ان کا سامنا مصر کے سیکنڈ سیڈ زید محمد سے ہوگا، انھوں نے فائنل ایٹ میچ میں ملائیشین ایڈین ادرائیکی کو یکطرفہ مقابلے میں 3-0 سے ہرایا۔

ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل ٹاپ سیڈ میزبان نفزوان عدنان اور 5 سیڈ اشرف اذان کے مابین کھیلا جائیگا۔ نفزوان نے کوارٹر فائنل میں ہانگ کانگ کے فنگ یپ کو اسٹریٹ گیمز میں مات دی، اشرف اذان ہم وطن ایوان جیون کو سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے زیر کرنے میں سرخرو ہوئے۔