لاہور (جیوڈیسک) ق لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ حکمراں فوج کو ذاتی ملازم نہ سمجھیں، ہم نے کشکول توڑا، موجودہ حکمرانوں نے دیگ اٹھا لی۔ اتوار کو اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو میں انکا کہنا تھا کہ فوج کا راستہ روکنے کیلیے فوج کے ادارے کو نیک نیتی سے تسلیم کیا جائے، ان کو ذاتی ملازم نہ سمجھا جائے۔
عجیب بات ہے کہ ملک کے صدر کی طرف سے کہا جاتا ہے کہ اگر پرویز مشرف کو سزائے موت ہوئی اور وزیراعظم نے انھیں معافی کیلیے لکھا تو وہ معافی دے دیں گے، کیا فیصلے سے پہلے یہ اعلان توہین عدالت کے زمرے میں نہیں آتا؟ فوج پوچھ کر نہیں آتی، ایک جیپ اور 2 ٹرکوں کی ضرورت ہوتی ہے، ٹرک باہر کھڑے رہتے ہیں، جنرل صاحب جیپ میں اندر جاتے ہیں، وزیراعظم کوسلیوٹ کرتے ہیں اور کہتے ہیں سر ہم تیار ہیں، اب چلیں اور 15،20 منٹ میں ساری کارروائی مکمل ہو جاتی ہے۔