حکمران ملک و قوم کو پستی وتباہی کی جانب دھکیل رہے ہیں, مشرف

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے اور آج وطن عزیز نہ صرف دہشتگردی وبد امنی کے عذاب سے دوچار ہے بلکہ قانون کی حکمرانی کا وجود اور پاسداری کا شعور بھی مفقود ہوتا جارہا ہے جس کی وجہ سے معاشی صورتحال ابتر ہوچکی ہے اور پاکستان و عوام دونوں ہی تاریخ کے بد ترین دور سے گزررہے ہیں۔

جبکہ میرے دور اقتدار میں پاکستان میں نہ صرف قانون کی اجارہ داری تھی اور ملک معاشی طور پر مستحکم تھا بلکہ زندگی کے ہر شعبے میں تیز رفتار ترقی بھی ہورہی تھی۔ یہ بات سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف نے خیرپور میں عظیم الشان عوامی اجتماع سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے۔

اے پی ایم ایل سندھ کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سید کے مطابق خیر پور کے جلسہ سے سندھ کے صدر شہاب الدین شاہ حسینی ‘ محب علی شاہ ‘ غفار راجپوت ‘ یاسر خان ‘ منظور گوڈیل ‘ شعیب ملک و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

پرویز مشرف نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آل پاکستان مسلم لیگ تیزی سے منظم ہورہی ہے اور بہت جلد تیسری قومی سیاسی و عوامی قوت کے روپ میں ملک کی باگ ڈور سنبھال کر وطن عزیز کو ایکبار پھر ترقی ‘ خوشحالی اور استحکام کی جانب گامزن کرے گی مگر اس کیلئے اے پی ایم ایل اور پرویز مشرف کو عوام کے اسی اعتمادو تعاون کی ضرورت ہے جو سابق دور اقتدار میں مجھے حاصل رہا ہے۔