پشاور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ جو رقم قوم پرلگنی چاہئے وہ عیاشیوں اور میٹرو ٹرین پر خرچ ہو رہی ہے۔
پشاور میں تقریب سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے منصوبوں پر توجہ دینے سے قوم ترقی کرتی ہے۔ اس وقت ملک میں ڈھائی کروڑ بچے اسکول ہی نہیں جاتے لیکن حکومت کو اس کی پروا نہیں، قومی دولت ایک مخصوص مراعات یافتہ طبقے پر لگائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو رقم قوم پرلگنی چاہئے وہ عیاشیوں اورمیٹروٹرین پرخرچ ہورہی ہے، خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ رقم تعلیم اورصحت پرلگائی جارہی ہے کیونکہ قومی دولت انسانوں پر لگانا ہی اصل سرمایہ کاری ہے، جو قوم کی تعمیر کرتے ہیں انہیں قرضے نہیں لینے پڑتے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھاکہ ہمارے حکمرانوں کی دولت بیرون ملک میں ہے، وہ خود ٹیکس نہیں دیتے اس لئے عوام بھی ٹیکس ادا نہیں کرتے اوراس کا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل 80 فیصد سستاہواجس کا عوام کو فائدہ نہیں پہنچا۔ وہ واحد سیاستدان ہیں جسے قوم دل کھول کرپیسے دیتی ہے۔ اگران کی حکومت آئی تو اسی عوام سے ٹیکس وصول کرکے دکھائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ اگرہمیں اپنے اداروں کو بچانا ہے تو ان کے خود مختاربورڈ ہونے چاہئیں، اگر پچھلے ڈھائی برسوں میں خیبرپختونخوا میں کوئی تبدیلی نہیں آئی تو اس کا مطلب ہے وہ اورپرویزخٹک ناکام ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ غیرسیاسی صرف جانورہوتے ہیں، ہرن سیاسی ہوں تومل کرشیرپرحملہ کردیں، اگر 100 ہرن مل کر شیرپرحملہ کردیں تووہ بھاگ جائے گا۔