حکمران خود کو خدا سمجھ کر عوام کا مقدر لکھنا چاہ رہے ہیں: ایم آر پی

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ریلوے کے کرایوں میں 25 فیصد اضافے اور بجلی پر دی جانے والی سبسڈی میں کمی اور 4 روپے فی یونٹ سرچارج عائد کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد وچیئرمین امیر پٹی ‘ سینئر وائس چیئرمین فاروق کمال‘ وائس چیئرمین اسلم خان ‘ صدر محمد سلیمان راجپوت‘ نائب صدر یونس سایانی ‘ سیکریٹری راجہ انور ایڈوکیٹ ‘فائنانس سیکریٹری اقبال ٹائیگر ‘ کراچی ڈویژن کے صدر اقبال چاند ‘ شعبہ خواتین کی سربراہ میڈم انیتا ‘ میڈم تبسم ناز و دیگر نے کہا کہ ریلوے کو خسارے سے باہر نکالنے کا دعویٰ کرنے والوں پر اب کونسا ایسا خدا کا قہر ٹوٹ پڑا ہے جس کا انتقام وہ عوام سے ریلوے کرایوں میں اضافوں کے ذریعے لے رہے ہیں۔

جبکہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ملک میں مہنگائی کو فروغ دےگا جس کے بعد عوام دو وقت کی روٹی کے حصول سے بھی محروم ہوجائیں گے اسلئے عوام کو اب یہ بات جان لینی چاہئے کہ روایتی سیاستدان ان کے مسائل کو حل کرسکتے ہیں نہ ان کے مستقبل کو محفوظ بناسکتے ہیں اسلئے اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے اب عوام کو خود باہر نکلنا اور ان استحصالیوں سے اقتدار و اختیار کو آزاد کرانا ہوگا جو دھونس دھاندلی سے عوام پر مسلط ہوکر خود کو عوام کا مالک و خدا مان بیٹھے ہیں اور عوام کے مقدر ظلم ‘ ستم ‘ مسائل ‘ مصائب ‘ بھوک ‘ تکالیف ‘پریشانیاں اورذلت لکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔