حکمرانوں کی بے حسی سے ابر رحمت شہریوں کیلئے عذاب بن گیا’ جی کیو ایم

Rain

Rain

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مون سون کی پہلی برسات کے ساتھ ہی شہر میں کرنٹ لگنے سے ہونے والی ہلاکتوں ‘ بجلی کی بندش اور سڑکوں پر برسات کا پانی کھڑے ہوجانے کے ساتھ بدترین ٹریفک جام و نشیبی علاقوں کے زیر آب آجانے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی المعروف سورٹھ ویر نے اقبال چاند ‘ ایڈوکیٹ محمد صدیق بلوچ ‘ الطاف حسین ایڈوکیٹ ‘ صدیق زری والا ‘ محمد عارف راجپوت ‘ علی مراد ‘ صدیق باپو ‘ ڈاکٹر ہما ‘ ڈاکٹر مونا ‘ رابعہ میمن ‘ روبینہ شاہین ‘ بیگم کلثوم سمیت دیگر رہنماؤںکے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی بے حسی نے ابر رحمت کو کراچی کے شہریوں کیلئے زحمت و عذاب بنا دیا ہے۔

کیونکہ برسات کی پیشنگوئی و اطلاعات کے باجود حکومت نے نہ تو بگڑے ہوئے واٹر اینڈ سیوریج کے نظام کو درست کیا اور نہ کے الیکٹرک کے معاملات کی جانب توجہ دی اور نہ ہی ٹریفک پولیس کا قبلہ درست کرنے کے ساتھ میٹروپولیشن کارپوریشن کے عملے کو ذمہ داریوں کی دیانتداری سے ادائیگی کا پابند بنایا حتیٰ کہ ندی نالوں کی صفائی پر بھی کسی قسم کی توجہ نہیں دی گئی۔

جس کی وجہ نہ صرف عوام پریشانی وزحمت کا شکار ہوئے بلکہ سڑکوں و گلیوں میں پانی جمع ہونے سے سڑکیں بھی برباد ہورہی ہیں جس سے حکمرانوں کو نئے سرے سے منظور نظر ٹھیکیداروں کو سڑکوں کی تعمیر کا ٹھیکہ دیکر کمیشن کمانے اور کرپشن کا نیا موقع بھی ملے گا۔