کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں مختلف وجوہات کے باعث اموات کی بڑھتی ہوئی شرح پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان سولنگی اتحاد کے سینئر رہنما امیرسولنگی ‘ سردار اکرم سولنگی ‘ سردار شبیر سولنگی ‘ سردار راحیل سولنگی ‘ سردار خادم حسین سولنگی و دیگر نے کہا ہے کہ ایک جانب دہشتگرد‘ٹارگیٹ کلرز ‘ امن دشمن ‘ جرائم پیشہ عناصر ‘ بھتہ و مافیا اور منشیات فروش عوام کی جان کے دشمن بنے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سے ہر روز درجنوں افراد بے موت مررہے ہیں جبکہ آلودہ پانی کی فراہمی ‘ ملاوٹ شدہ و مضر صحت اشیاءکی فروخت بھی بیماریوں کا باعث اور انسانی جانوں کی دشمن ہے جبکہ حکومتی نااہلی ‘ کمیشن خوری اور کرپشن کے باعث صرف غذائی قلت ہی عام نہیں ہے۔
بلکہ اسپتالوں میں علاج کی سہولیات کا فقدان اور جان بچانے والی ادویات کے نام پر جان لینے والی جعلی ادویات کی کھلے عام فروخت بھی انسانی زندگیوں کے چراغ گل ہونے کی غیر طبعی شرح میں تیز رفتار اضافے کا باعث ہے جو یقینا افسوسناک اور ناقص حکومتی کارکردگی کاثبوت ہونے کے ساتھ انسانی جان کے ہر دشمن کو قانون کے شکنجے میں پھانسنے سے احترازو گریز کرنے والی کرپٹ حکومت کیخلاف تادیبی کاروائی کا متقاضی بھی ہے۔