حکمرانوں کے روز کرپشن اسکینڈلز آئیں تو عوام کی روٹی روزانہ مہنگی ہی ہوگی، شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) صدر مسلم لیگ ن اور قومی اسمبلی میں اپوزيشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام بھوکے اور بے روزگار ہیں جب کہ حکمران سب اچھا ہےکی بے حسی کی رپورٹ دے رہے ہیں۔

ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو معیشت اور عوام کی تکالیف کا کوئی علم نہیں ، عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آٹا چینی دودھ کی قیمتوں میں اضافہ ہوچکا ہے، اضافی گندم پیدا کرنے والے ملک میں آٹےکی فراہمی کو حکومت یقینی نہ بناسکی، اس حکومت کی کرپشن اور نااہلی کا اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہوسکتا ہے؟

اپوزيشن لیڈر کا کہنا تھا کہ آج عوام کو ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قلت کا سامنا ہے،اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں،حکمرانوں کے روز کرپشن اسکینڈلز آئیں گے تو عوام کی روٹی روزانہ مہنگی ہی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ آٹے کی قیمت میں 57 روپے فی کلو اضافہ ہوا ، یہ 73 فیصد اضافہ ہے،چینی کی قیمت 120 اور 130 تک گئی ہے، دودھ کی قیمت میں 31 فیصد اضافہ ہوا،عوام کی بنیادی ضرورت کی یہ اشیاء انتہائی منہگے داموں فروخت ہو رہی ہیں۔