کراچی (جیوڈیسک) رہائی کے بعد پاکستان ہاؤس پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کارکن ریڈ زون میں داخل ہی نہیں ہوئے تھے۔ خواتین اور بچوں پر شیلنگ کی گئی، ظلم کے باوجود کارکنوں نے امن کا مظاہرہ کیا۔
پرامن احتجاج پر کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں کے کہا وہ اڑتالیس گھنٹے میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ زرداری صاحب کی حکومت کرپٹ ہے۔ موجودہ حکمرانوں سے بڑا کوئی ڈکٹیٹر نہیں۔ عوام نے جو شمع روشن کی اس کی روشنی سندھ کے ہر گھر میں جائے گی۔
کارکنوں نے حکمرانوں پرلرزہ طاری کر دیا۔ حکمرانوں کا ہمیشہ ڈیل کرنے والے لوگوں سے واسطہ پڑا ہے، وہ اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ حکمرانوں کے دن گنے جا چکے، اب چین سے نہیں بیٹھنے دوں گا۔ مصطفیٰ کمال نے سندھ حکومت کے رویے کی مذمت کرنے پر وزیر داخلہ چودھری نثار کا شکر ادا کیا۔ اس سے پہلے تھانہ کلا کوٹ سے مصطفیٰ کمال کو رہا کیا گیا۔
مصطفیٰ کمال کی رہائی سے پہلے تھانہ کلاکوٹ میں صوبائی وزیر ناصر حسین سندھ حکومت کا پیغام لے کر پہنچے۔ دونوں رہنماؤں میں مکالمے کے بعد پی ایس پی چیئرمین کی رہائی عمل میں آئی۔ کارکنوں نے مصطفیٰ کمال کی گاڑی پر پھول نچھاور کر کے ان کا شاندار استقبال کیا اور نعرے لگائے۔