لاہور (جیوڈیسک) پارلیمانی لیڈر وامیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر اور سیکر ٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے بھارتی جارحیت پر قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم کے بیان کو دیر آئے درست آئے قرار دیا اور کہا کہ بھارت مسلسل کئی روز سے سرحدوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہاہے۔
پاکستانی وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو صورتحال کا جلد ادراک کرتے ہوئے بھارت سے تجارتی تعلقات معطل کر دینے چاہئیں اور ایسی پالیسیاں مرتب کرنی چاہئیں جو 20 کروڑ پاکستانی عوام کی ترجمانی کریں۔ حکمرانوں کی بھارت نواز پالیسی پر قوم کو تشویش ہے۔
امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ حکومت بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی کا ٹریک ریکارڈ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے، اس وقت بھی انڈیا میں مودی کی وہی سوچ پر مبنی سیاست اور پالیساں چل رہی ہیں لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے اس لیے ان کی بدمعاشی اور غنڈگردی کا منہ توڑ جواب دینا ہوگا۔