کراچی (اسٹاف رپورٹر) تجاوزات کے باعث نہ صرف شہرکی خوبصورتی بری طرح متاثر ہوئی ہے بلکہ ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہوچکا ہے اور صفائی ستھرائی کے کام میں پریشانی کے باعث نہ صرف شہر میں گندگی کے ڈھیر لگرے جارہے ہیں بلکہ نالوں پر قائم تجاوزات کے باعث نالوں کی عدم صفائی کی وجہ سے گٹروں کی بندش اور سیوریج نظام کی تباہی نے سڑکوں کے مستقبل کو بھی مخدوش کردیا ہے۔
شہر دور قدیم کی غیر تمدن و غیر تہذیب یافتہ بستی کا منظر پیش کررہا ہے ۔گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی المعروف سورٹھ ویر نے صدر میں تجاوزات کے خاتمے کے آپریشن کیخلاف پتھارہ اور قبضہ مافیا کی جانب سے مسلح احتجاج کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدانوں کے بے حسی ‘ مفاد پرستی ‘ سیاسی اقربا پروری اور ذمہ دار اداروں کی کرپشن کے باعث میگا سٹی کچی آبادیوں کا گڑھ بن چکا ہے۔
قبضہ مافیا ‘ پتھارہ مافیا’ ٹینکر مافیا دونوں ہاتھوں سے اس شہر کے وسائل کو لوٹنے کے ساتھ عوام کی زندگی کو بھی مشکل بنارہے جبکہ جرائم پیشہ عناصر و دہشتگردوں کے سرپرست بھی بنے ہوئے ہیں جس کے ذمہ دار سیاستدان اور کرپٹ اہلکار و افسران ہیں اور ڈویژنل کونسل کو خود مختار بناکر مقامی حکومتوں کا نظام قائم کئے بغیر نہ تو کراچی سے دہشتگردی و جرائم کا خاتمہ ممکن ہے اور نہ ہی اسے مافیاز سے نجات دلائی جاسکتی ہے۔