اسلام آباد (جیوڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکمران منی ٹریل کی تفصیلات بتا دیں میں اپنا کیس واپس لے لوں گا۔
سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا معاملہ صاف چھپتے بھی نہیں سامنے آتے بھی نہیں جیسا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے جس دن سچ بولا وہ دن ان کی سیاست کا آخری دن ہوگا ، ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ قومی اسمبلی میں وزیر اعظم کی جانب سے کہا جاتا ہے کہ ہم تلاشی دینے کو تیار ہیں اور سپریم کورٹ میں جاتے ہیں تو کہتے ہیں کہ انہیں استثنیٰ حاصل ہے۔
ایسی باتوں سے نواز شریف 20 کروڑ عوام کا مذاق اڑا رہے ہیں ۔ انہیں منی ٹریل کا حساب دینا ہوگا ورنہ میں قبر کی دیوار تک ان کا پیچھا کروں گا۔