کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) بد ترین گرمی میں دن و رات کے اوقات میں طویل دورانئے کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کو جہنم کے عذاب سے دوچار کررکھا ہے جس کے ذمہ دار سابقہ و موجودہ حکمران ہیں جنہوں نے ہمیشہ کمیشن و مفادات کے معاہدوں کے ذریعے کرپشن کی نت نئی جہتیں دریافت کرکے عوام کے مقدر میں مسائل و مصائب لکھے ہیں۔
محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے کراچی میں جاری بدترین لوڈ شیڈنگ اور پانی بحران کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اختیارات کی نچلی سطح تک عدم منتقلی اور عوام کو شراکت اقتدار و حق احتساب کی عدم فراہمی کے باعث عوام مقتدر افراد کے ہاتھوں یرغمال و غلام بنے ہوئے ہیں اور مقتدر طبقات اپنے مفادات کیلئے عوام کی زندگی کو جہنم کا نمونہ بنارہے ہیں۔
اسلئے اب عوام کو اایم آر پی کے پیش کردہ فارمولے کے تحت مقامی خود مختاری کے قیام کیلئے میدان عمل میں نکلنا ہوگاتاکہ ہر ڈویژن کو اپنے عوام کی ضروریات کی تکمیل اور خواہشات و امنگوں کے مطابق فیصلوں کا اختیار حاصل ہو عوام اپنے منتخب کردہ نمائندوں کا احتساب خود کرسکیں کیونکہ یہی وہ فارمولہ ہے جو مرکز کو مضبوط بناتا مگر ڈویژنوں کو مرکز کے جبر سے بھی محفوظ بناتا اور ہر ڈویژن کے عوام کو اپنی ضرورت و سہولت کے فیصلوں کے ذریعے زندگی میں آسانیاں اور خوشحالی کے حصول کا اختیار بھی دیتا ہے۔