حکمرانوں کے انجام کا آخری موڑ حیرت انگیز ہو گا۔ حلیم عادل شیخ

Lahore

Lahore

لاہور: مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی مسلم لیگ کے قائد چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات، ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال ، انقلاب مارچ اور آزادی مارچ کے حوالے سے گفت و شنید کی گئی جبکہ حلیم عادل شیخ نے مسلم لیگ لاہور کے عہدیداران و کارکنان سے بھی ملاقات کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ چوہدری پرویز الہی نے پنجاب کی تاریخ میں سب سے زیادہ ترقیاتی کام کئے ہیں۔ پنجاب کی عوام انہیں اچھے لفظوں میں یاد کرتی ہے۔

اگر پنجاب کی عوام اپنے اچھے وقتو ں کو پھر سے واپس لانا چاہتی ہے تو انقلاب کے حامیوں کیلئے اپنے دلوں کے ساتھ گھروں کے دروازے بھی کھول دے تاکہ دور سے آئے ہوئے لوگوں کی پریشانیاں کم ہوسکیں اور موجودہ پنجاب کی مودی سرکار سے چھٹکارہ حاصل ہوسکے۔اس بار حکمرانوں کیلئے معافی کا کوئی امکان نظر نہیں آتا حکمران عوام کے شکنجے سے بچنے کیلئے اچانک ملک سے باہر جاکر بھی استعفے دے سکتے ہیں مگر اس عمل سے عوام کے زخموں کو مرہم نہیں لگنے والا ہے۔

وزیر اعظم کو چاہئے کہ وہ پورے نظام کیلئے خطرہ بننے سے پہلے ہی استعفے دیدیں وہ اس خیال میں ہیں کہ شاید وہ منہ زور انقلابیوں کے ریلے کے آگے بند باندھنے میں کامیاب ہوجائیں گے مگر ایسا ممکن نہیں ہے بلکہ حکمرانوں کے انجام کا آخری موڑ حیرت انگیز ہوگا کیونکہ انہوں نے اپنے ڈیڑھ سالوں میں عوام کو مسلسل مشکلات میں ڈالے رکھا ہے مگر اب انقلاب مارچ اور آزادی مارچ جابر حکمرانوں کو سیلابی ریلے کی طرح بہا کر لے جائے گا کیونکہ اب انقلابی حضرات نہ اس ناکام حکومت سے کسی بھی قسم کی بات چیت کیلئے تیار نہیں ہیں۔ عوام جان چکی ہے کہ اقتدار پر براجمان لوگ غیرجمہوری ہیں عوام کو تکلیفیں پہنچا کر یہ خود بھی سکون سے نہیں رہ سکتے۔ ہم نے ملک سے فرینڈلی اپوزیشن کا خاتمہ کرکے حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر مسلم لیگ کے رہنما آغا رفیع اللہ، جاوید اعوان و دیگر بھی موجود تھے۔