حکمرانوں نے سیاسی مفادات کیلئے عوام کو دہشتگردوں، قاتلوں اور جرائم پیشہ کے حوالے کر دیا ہے

کراچی : سیاسی مفادات کی جنگ اور کراچی کو فتح کرنے کی کوشش نے عوام کی زندگی عذاب بنادی ہے، قاتل دندناتے پھر رہے ہیں، عوام غیر محفوظ ہیں، کاروبار تباہ اور حالات مخدو ش ہیں مگر حکمران چین کی بانسری بجارہے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اختیار پانے والے ملک و قوم سے وفادار ہیں نہ ہی دیانتدار و امین ہیں۔

ایسے منافقوںو مفاد پرستوں کو اقتدار میں لانے کا گناہ الیکشن کمیشن نے انجام دیا ہے جس نے آئین کے آرٹیکل 62اور 63 پر عملدرآمد یقینی بنائے بغیر قومی اانتخابات کراکر آئین شکنی کی ہے اور انتخابات کے بعد حکمرانوں کی بداعمالیوں کے نتیجے میں بہنے والے لہو کے ہر قطرے کے ذمہ دار چیف الیکشن کمشنر، ان کا تقرر کرنے والے حکمران اور انہیں آزادی دینے والے منصفوں کے سر ہے۔

نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کراچی کے حالات, لیاری کی صورتحال, گزشتہ رو ز کے واقعات اور المناک ہلاکتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ملک کی زبوں حالی اور قتل وغارت گری کا ذمہ دار آئین پر مکمل عملدرآمد سے انحراف کو قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اگر انتخابات میں آئین کی شق 62 اور 63 پر عملدرآمد کو یقینی بنادیا جاتا تو وہ لوگ برسراقتدار نہیں آتے جو آج اپنے سیاسی و ذاتی مفادات کیلئے عوام کی زندگی اجیرن اور مملکت پاکستان کو مقتل بنائے ہوئے ہیں۔