لندن (جیوڈیسک) خصوصی انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ق لیگ اور عوامی تحریک کے دس نکات پر ابھی مشاورت نہیں کی تاہم تحریک انصاف کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں۔
حکومت چار حلقے کھولنے میں نہ جانے کیوں ڈر رہی ہے اگر حکمران سمجھتے ہیں کہ سٹے آرڈرز پر پانچ سال گزار کر چلے جائیں گے تو یہ اُن کی بھول ہے۔ اب سونامی نہیں رکے گا۔ تحریک انصاف دھاندلی بے نقاب کرنے کیلئے ہر حد تک جائے گی۔
سیالکوٹ کے تاریخی جلسے میں حکومت کو ٹائم فریم دیں گے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ مسلم لیگ ق اور عوامی تحریک کے دس نکاتی ایجنڈے پر ابھی مشاورت نہیں ہوئی لیکن ہمارے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں۔
الیکشن سسٹم میں بہتری کیلئے چلائی جانے والی تحریک میں شامل ہونے کیلئے سب کو دعوت دیں گے ۔ عمران خان نے مزید کہا کہ کہ ملک کو فیملی لمیٹڈ کمپنیوں کے ذریعے چلایا جا رہا ہے ۔ نواز شریف اور آصف زرداری جہاں جاتے ہیں اپنے بیٹوں کو ساتھ لے جاتے ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ جیو مسلم لیگ ن کا سیل بنا ہوا ہے ، کردار کشی پر میر شکیل الرحمان ان سے معافی مانگیں ۔ اس سے پہلے تقریب سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے محکمہ پولیس میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ کر دیا ، ایک سال میں صوبے کا نقشہ بدل کر رکھ دیں گے۔