اسلام آباد(جیوڈیسک)اسلام آباد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکمرانوں کا محاسبہ فوج یا کسی اور ادارے کی ذمے داری نہیں ہے ، حکمرانوں کا محاسبہ کرنا پاکستان کے عوام کی ذمے داری ہے،محاسبہ کرنا نہ تو افواج پاکستان کا کام ہے نہ ہی بیرونی طاقت کا استحقاق ، صدر مسلم لیگ ن نواز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ،عوام کو ہرحکومت کا محاسبہ کرنا چاہیے۔
اپنی حالت بدلنے کا خیال نہ کیا تو اللہ تعالی بھی مدد نہیں کرے گا۔ یہاں حکومت کو چلنے نہیں دیا جا تا ، کبھی صدر پیچھے پڑ جا تا ہے اورکبھی فوج۔ 2008کے انتخابات میں ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے تھے اور تمام ادارے مسلم لیگ(ن)کے خلاف تھے۔ہمیں اقتدار کا لالچ نہیں ، عوام جسے موقع دیں گے قبول کریں گے،اللہ نے موقع دیا تو قومی خدمت کے جذبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
الیکشن میں اگرکوئی اور جیت جاتا ہے،ملک کی خدمت کرتا ہے توحمایت کرینگے۔جو بھی قدم اٹھایا 20 کروڑ عوام کی بھلائی کے لیے اٹھائیں گے۔اس وقت ملک کا کوئی ادارہ قابل رشک نہیں،جو کچھ ملک میں ہوا دوبارہ نہیں ہو نا چا ہیئے۔حکومت روزانہ3ارب روپے چھاپ رہی ہے۔